حب، 24 گھنٹے سے بجلی کی بندش کیخلاف شہریوں‌کا احتجاج، مین آر سی ڈی شاہراہ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند

حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) بلوچستان کے صنعتی شہر حب کے آلہ آباد ٹاؤن میں گزشتہ 24 گھنٹے سے بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے مینار سے مین آر سی ڈی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث بیمار افراد، بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی بندش کے باعث گھروں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، جبکہ مساجد میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے نمازی حضرات کو بھی وضو اور دیگر ضروریات کے حوالے سے پریشانی کا سامنا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ بارہا شکایات کے باوجود بجلی کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جس پر مجبوراً سڑک بند کرکے احتجاج کرنا پڑا۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ حب، ڈپٹی کمشنر حب جمعہ خان مندوخیل، اسسٹنٹ کمشنر حب مھیم خان گچکی اور کے الیکٹرک کے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ آلہ آباد ٹاؤن کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں