حب(ڈیلی آواز ٹائمز/نیاز اللہ سمالانی) بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں امن کمیٹی کی جانب سے محمودی موڑ کے مقام پر صحت کے حوالے سے مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے طبی معائنے کروائے۔کیمپ امن کمیٹی کے صدر شاہ جہاں مگسی کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا جہاں ماہرینِ صحت کی جانب سے شہریوں کا چیک اَپ کیا گیا اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو مفت ادویات فراہم کی گئیں اس موقع پر امن کمیٹی کے صدر شاہ جہاں مگسی اور نائب صدر عبدالماجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل امن کمیٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمودی موڑ کے شہریوں کو صحت کی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا جس کے پیشِ نظر امن کمیٹی کی جانب سے علاقے میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں شہریوں نے بلا معاوضہ اپنا علاج اور طبی معائنہ کروایاانہوں نے مزید کہا کہ امن کمیٹی کی جانب سے حب کے دیگر علاقوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر طبی کیمپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں.








