اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، حکومتی اتحادی نفیسہ شاہ نے نئے مالی سال کے بجٹ پر سوال اٹھا دیئے۔حکومتی اتحادی نفیسہ شاہ نے کہا نئے بجٹ سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا، سب سے پہلے تو ہمیں اس پر بات کرنی چاہیے کہ یہ بجٹ حقیقی ہے یا نہیں، بجٹ کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ یہ حقیقی نہیں ہے۔کمیٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم شرکت پر اظہار تشویش کیا، چیئرمین کمیٹی قیصر شیخ نے کہا وزیر خزانہ اسحاق ڈارآج تک کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، مجھے ان کے نہ آنے پر بہت تکلیف ہے، وزیر خزانہ کو شاید کمیٹی سے کوئی شکایت ہے، ہم گزارش ہی کر سکتے ہیں۔کمیٹی نے سوا سال سے نیشنل بینک کے صدر کی عدم تقرری پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، کمیٹی ارکان کا کہنا ہے کہ صدر زرعی ترقیاتی بینک کا عہدہ بھی طویل مدت سے خالی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ بینکس کے صدور کیلئے امیدوار شارٹ لسٹ کر لیے گئے ہیں، وزیرخزانہ کی سربراہی میں کمیٹی جلد انٹرویوز کرے گی، دونوں بینکوں کے صدور کے تقرر کاعمل جلد مکمل ہوجائے گا، مسابقتی کمیشن کا بورڈ بھی کابینہ کی منظوری سے جلد مکمل ہو جائے گا۔






