دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے،محسن نقوی

لاہور :وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے قریب سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے کے دوران شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی، کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوانوں کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے بہادر سپوتوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس ہے ،پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاک فوج کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہدا ء ہمارا افتخار ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا ء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں شہدا ء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں