اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے روسی فیڈریشن کے سالانہ اجلاس سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس میں گرم جوش استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میرے لئے یہ امر بھی خوشی اور افتخار کا باعث ہے کہ میں ایک کثیر الثقافتی، تاریخی اہمیت کے حامل اور دنیا کے سب سے خوبصورت لوگوں کے وطن، روس میں ہوں جو رقبے کے لحاظ سے کرہ اراض کا سب سے بڑا ملک بھی ہے۔یقیناروس فیڈریشن کونسل کے سالانہ اجلاس سے خطاب میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے جس کی خوشگوار یادیں ہمیشہ میرے دل میں رہیں گی۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ روسی پرچم سفید، نیلے اور سرخ رنگ سے مزین ہے جو آزادی انصاف اور بہادری کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح روسی قومی ترانہ بھی حب الوطنی، طاقت اور قومی عظمت کے حصول کی جدوجہد کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا یہ پہلا دورہ روس دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہو رہا ہے جو خوشی کاباعث ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کا سلسلہ طویل عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدلتی دنیا کے تقاضوں کے مطابق ہمارے باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید پختہ ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے یہ دوستانہ تعلقات مشترکہ اہداف کی نئی راہیں متعین کریں گے۔ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقعے موجود ہیں اور ہماری تاجر برادری بھی تجارتی فروغ میں خاصی دلچسپی کا اظہار کررہی ہے۔






