بوستان (ڈیلی آواز ٹائمز/ابرارکاکڑ)زیارت کراس پر اچانک قائم کیے گئے ٹول پلازے کے خلاف عوامی و سماجی حلقوں نے شدید مذمت کرتے ہوئے ٹول پلازہ فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ زیارت کراس کے مقام پر راتوں رات ٹول پلازہ قائم کرنا عوام کے لیے ناقابل قبول ہے۔ اس اقدام سے مقامی شہریوں اور روزمرہ سفر کرنے والے افراد پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وفاقی حکومت ، وزارت مواصلات ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور متعلقہ اعلیٰ احکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زیارت کراس سے ٹول پلازہ فوری طور پر ہٹایا جائے اور عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ سے نجات دلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے تاحال کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا، لہٰذا اعلیٰ احکام فوری نوٹس لے کر ٹول پلازے کے قیام اور وصولی کا عمل روکے اور عوام کے تحفظات دور کریں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے خبردار کیا کہ ٹول پلازہ فوری نہ ہٹایا گیا تو اس کے خلاف بھرپور عوامی آواز بلند کی جائے گی۔








