ریاض(ڈیلی آوازٹائمز)سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد نے دارالحکومت ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے 2 کروز میزائل تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فوجی اتحاد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا میزائل حملہ تھا جسے ناکام بنایا گیا۔اس سے قبل اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل بھی فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دھماکوں سے کچھ دیر قبل سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے علاقے میں ہنگامی انتباہ جاری کیا تھا، تاہم بعد ازاں حکام نے اعلان کیا کہ خطرے کی صورتِ حال ختم ہوگئی ہے۔یہ میزائل حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اس سے ایک روز قبل حوثیوں کے زیرِ انتظام یمن کی وزارتِ صحت نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی فضائی حملوں میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے ہیں۔حوثیوں کے زیرِ انتظام سرکاری خبر رساں ادارے ’صبا‘ کے مطابق فضائی حملوں میں دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع حوثیوں کے مضبوط گڑھ بنی حشیش کے ایک قصبے میں گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ادارے نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔صنعا کے صحتونہ اسپتال کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الدیلمی نے رائٹرز کو بتایا کہ متعدد متاثرین اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جن میں امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق امدادی سرگرمیوں کے دوران بھی حملے جاری رہے اور طبی عملے کے بعض ارکان بھی ہلاک ہوئے۔ زخمیوں کو سر، سینے اور ٹانگوں پر شدید چوٹوں اور ہڈیوں کے ٹوٹنے کے باعث تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا








