کوئٹہ(آوازٹائمز)جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہاہے کہ قرآن کی تعلیم طالبات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ جس دل میں قرآن کی سمجھ اور محبت نہ ہو وہ کبھی کسی اسلامی تحریک کا حقیقی حصہ نہیں بن سکتا اور جو تحریک اسلامی سے وابستہ ہو اس کیلئے ممکن ہی نہیں کہ وہ قرآن کی تعلیمات سے ناواقف رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام مینار پاکستان پر جاری بدل دو نظام اجتماع عام میں جامعات المحصنات پاکستان کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید، عفت سجاد اور عائشہ سید بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے وقت کا بڑا حصہ تعلیم، فہمِ قرآن، سیرتِ مطہرہ اور اسلامی تحریکوں کی تاریخ کے مطالعے پر صرف کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف دعوے کچھ نہیں کرتے، دعوے کے پیچھے دلیل، علم اور مضبوط کردار کی قوت درکار ہوتی ہے، یہی عناصر آپ کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے خطاب میں نوجوان لڑکیوں کی تعمیر کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کیلئے دو چیزیں بہت ضروری ہیں علم اور حیا، اگر لڑکی کی حیا قائم ہو تو اس کا احترام پورے معاشرے میں خود بخود قائم رہتا ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی شخصیت کو مضبوط بنائیں، علم سے خود کو آراستہ کریں اور ان دونوں اوصاف کی مدد سے معاشرے اور نظام میں مثبت تبدیلی کیلئے مو ثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر نبی اکرم کی حدیث کی روشنی میں طالبات کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مستقبل اسلام کا ہے،جلد وہ وقت آئے گا جب جماعت اسلامی غالب ہوگی، اسلامی قوت ابھرے گی، اور عورت کو اسلام کی دی ہوئی عزت و حقوق عملی طور پر میسر آئیں گے






