لاہور : وزیر اعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 86ویں یوم وفات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گو ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کر تی ہے ۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے اپنے افکار و تعلیمات میں امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا،نوجوان ان کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے،انہوں نے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، ان کی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔اقبال نے نوجوانوں جہد مسلسل کی تعلیم دی اور ان کو مسلمانوں کے تابناک ماضی سے سبق حاصل کرکے مستقبل میں علم و تحقیق کی منازل طے کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے فلسفہ خودی ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان کے خودی کے فلسفے کو اپناتے ہوئے انسان کامل بنا جا سکتا ہے،ان کے فلسفے اور تعلیمات پر نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں آج بھی جدید جامعات میں تحقیق کی جارہی ہے،فارسی اور اردو زبانوں میں ان کا کلام اور تحریریں آج بھی پوری دنیا میں مقبول ہیں۔ علامہ اقبال نے مسلمانوں کیلئے برصغیر پاک و ہند میں ایک علیحدہ ریاست کا خواب دیکھا جسے قائد اعظم اور مسلم لیگ کے دیگر رہنمائوں نے شبانہ روز محنت سے شرمندہ تعبیر کیا۔علامہ اقبال کا پاکستان امن کا گہوارہ، سیاسی برداشت اور بھائی چارے کا پاکستان ہے ،اقبال نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں نوجوان تعمیری سوچ سے اس ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں۔ آئیں مل کر آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اقبال کے پاکستان کے حصول کیلئے دن رات محنت کریں گے۔






