اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین نیب کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرلیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے چیئرمین نیب کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں باضابطہ درخواست دائر کر دی،درخواست آئین کے آرٹیکل 209 اور نیب آرڈیننس کے سیکشن 6 کے تحت دائر کی گئی ہے۔ عمران خان کے مطابق چیئرمین نیب نے یکم مئی کو چھٹی والے دن میری گرفتاری کے وارنٹس جاری کئے، چیئرمین نیب نے چھٹی والے روز جاری کئے گئے وارنٹس کو 8 روز تک چھپائے رکھا،۔
عمران خان نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کی انکوائری کو انوسٹی گیشن میں بدلے جانے کے بارے میں مجھے جان بوجھ کر نہیں بتایا گیا،انکوائری کے انوسٹی گشن میں بدلے جانے کے معاملے کو خفیہ رکھنا نیب قانون کی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ وارنٹس گرفتاری نیب آرڈیننس کے سیکشن 24 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ وارنٹس گرفتاری کی تعمیل اور رینجرز کے ذریعے میری گرفتاری بھی مکمل طور پر غیرقانونی تھی۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے 11 مئی کے اپنے حکمنامے میں بھی وارنٹس کی تعمیل اور میری رینجرز کے ذریعے گرفتاری کے سارے عمل کو غیرقانونی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب مجھے آئینِ پاکستان کے تحت میسّر بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے بھی مرتکب ہوئے ہیں، چیئرمین نیب نے دستور کے آرٹیکل 9, 10, 10-اے اور 14 کے تحت میرے حقوق غصب کئے۔






