لاہور : ایران کے صدرابراہیم رئیسی کی علامہ اقبال کے مزار پر حاضری ، انہوں نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ گزشتہ روز ایران کے صدرابراہیم رئیسی کا لاہور پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمی بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع ، صوبائی وزرا سلمان رفیق، بلال یاسین، چوہدری شافع، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے،اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی سا احساس نہیں ہوا، ہم غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، میری خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسہ کرتا مگر کچھ وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں عوامی جلسہ نہیں کرسکا، پاکستانی عوام جذباتی اور مذہبی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، میں پاکستان کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے اہم ہے وہ استعمار کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، ان کی الہام بخش شخصیت تھی وہ خدا کے لیے جیتے تھے اور خدا کے لیے عمر گزارتے تھے یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے قائل ہیں، ہمارے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں گے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والوں کو شکست ہوگی۔






