اسلام آباد /کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کو یہاں اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ قومی تقریب میں شرکت کی اس تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاکستان کے اعلی سول و فوجی حکام بھی شریک تھے۔جبکہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اہم موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ترقی، امن اور خوشحالی کے عہد کی تجدید کا دن ہے، عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی ترقی سلامتی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، قومی اتفاق رائے اور مفاہمت پر مبنی سیاسی روایات کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو درپیش مشکلات اور چیلنجز سے نجات دلائیں گے۔






