اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز) قومی اسمبلی کااجلاس (کل)جمعہ کی شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار بجٹ پیش کرینگے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگاجس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کرینگے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار آئندہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ پیش کرینگے۔بعد ازاں سینٹ کااجلاس چھ بجے شام کوہوگا جس میں بھی وزیر خزانہ بجٹ دستاویزات پیش کرینگے اس ضمن میں صدر مملکت نے سینٹ کااجلا س نو جون کی شام چھ بجے طلب کر رکھا ہے۔
قومی اور سینٹ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کااجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار آئندہ مالی سال کے بجٹ پربریفنگ دینگے جس کے بعد وفاقی کابینہ آئندہ مالی کے بجٹ کی منظوری دینگے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ معاشی حالات کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، اس وقت چیلنجز ضرور ہیں لیکن ہم قابو پالیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ساری توجہ اس وقت بجٹ پر ہے، بزنس فورم کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔






