اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز) قومی اسمبلی کااجلاس (کل)جمعہ کی شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں وزیر خزانہ محمد اسحق ڈار آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کرینگے،وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15سے 20فیصداضافے کا امکان ہے، قومی ترقیاتی بجٹ کا ہدف2709ارب روپے مقرر کیا جائیگا، وفاقی ترقیاتی پروگرام کا ہدف 1150ارب روپے مقرر کیا جائے گااور صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 1559ارب روپے مختص کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگاجس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کرینگے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحق ڈار آئندہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ پیش کرینگے۔بعد ازاں سینٹ کااجلاس چھ بجے شام کوہوگا جس میں بھی وزیر خزانہ بجٹ دستاویزات پیش کرینگے اس ضمن میں صدر مملکت نے سینٹ کااجلا س نو جون کی شام چھ بجے طلب کر رکھا ہے۔قومی اور سینٹ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کااجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار آئندہ مالی سال کے بجٹ پربریفنگ دینگے جس کے بعد وفاقی کابینہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیگی۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15سے 20فیصداضافے کا امکان ہے، قومی ترقیاتی بجٹ کا ہدف2709ارب روپے مقرر کیا جائیگا، وفاقی ترقیاتی پروگرام کا ہدف 1150ارب روپے مقرر کیا جائے گااور صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 1559ارب روپے مختص کیا جائیگا






