راولپنڈی (روزنامہ آواز ٹائمز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سْوسائٹی کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت اور یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے،اب وقت آ گیا ہے ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے،شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ،جو کے آئین پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایاجائے جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداء پاکستان اور اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پرْ تشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے،ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈہ کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،
،افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بدھ کو آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زِیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں جن میں مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سْوسائٹی کے شہداء شامل ہیں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقرع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداء پاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی۔






