نصیرآباد، محکمہ تعلیم کےغیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیں، ڈپٹی کمشنر

نصیر آباد ڈسٹرکٹ (ڈیلی آواز ٹائمز/نبی بخش عمرانی) ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل و فیمیل منظور شیرازی سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران اور کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی
اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کو ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی اساتذہ و طلبہ کی حاضری تدریسی عمل کی بہتری اور تعلیمی معیار کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعطیلات کے بعد ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم بعض تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں۔ کمیٹی کو اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کے نظام طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی نصابی سرگرمیوں کے مؤثر انعقاد اور تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے، اساتذہ کی بروقت حاضری یقینی بنانےص طلبہ کی حاضری میں اضافہ کرنے اور اسکولوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل کی باقاعدگی، اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے کٹوتی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے اس لیے تعلیمی اداروں میں موجود مسائل کے حل اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اساتذہ کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کی نگرانی مؤثر بنائی جائے اور طلبہ کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع نصیرآباد میں تعلیمی نظام کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے، تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک بہتر محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول بھی فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں