چھتر(آوازٹائمز)جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر میر نظام الدین لہڑی نے کہا ہے کہ ضلع نصیرآباد میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور ایس ایس پی نصیرآباد امن قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں آئے روز 3 سے 4 موٹر سائیکل ڈکیتیوں کے واقعات معمول بن چکے ہیں، جبکہ شہر اور دیہی علاقوں میں کھلے عام لوٹ مار جاری ہے۔ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں میر نظام الدین لہڑی کا کہنا تھا کہ صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ متاثرہ شہری اپنے لوٹے گئے سامان کی برآمدگی کے لیے قرآن مجید اٹھا کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، جو کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس پی نصیرآباد کی ناقص حکمتِ عملی اور عدم دلچسپی کے باعث جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ حاصل ہے، جس سے عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد متزلزل ہو رہا ہے۔ میر نظام الدین لہڑی نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ نصیرآباد میں بڑھتی ہوئی جرائم کی لہر کا فوری نوٹس لیا جائے، ایس ایس پی نصیرآباد کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں






