اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کرسچن برادری کا تحفظ امت محمدی پرفرض ہے اور اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب کی ہے، ،دشمنان ملک کا پہلا وار انصاف کے نظام پر ہوتا ہے،ہر شہری کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے،کوئی بھی معاشرہ عدل وانصاف کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا،پاکستان بنانے میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے معاملے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق پیر کے روزنگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے جڑانوالہ کا دورہ کیا اور مسیحی برادری سے ملاقات کی،اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کوحلف لیے ہوئے 2 دن گزرے تھے اور یہ واقعہ ہوگیا، واقعہ پر بہت دکھی ہوں، آج آپ کے سامنے دل کی باتیں کرنے کے لئے حاضر ہوا ہوں،انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی کا کسی مذہب،زبان یا علاقے سے کوئی تعلق نہیں، یہ انسانی رویہ ہے جو شیطان کی طرح روپ دھارتا ہے، سانحہ جڑانوالہ معاشرے میں موجود ایک مرض کی نشاندہی کررہا ہے، کوئی بھی گروہ حملہ آور ہو گا تو ریاست ایکشن میں آئے گی،انہوں نے کہاکہ ریاست اور ریاست کے قوانین مظلوم کے ساتھ ہیں، ایک دوسرے کے احساس سے ہی معاشرہ قائم رہتا ہے، کسی کو نہیں پتہ آنے والا کل کیا لیکر آئے گا، مستقبل میں آنے والا وقت کسی کے کنٹرول میں نہیں ہے، کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف سے ہی قائم رہ سکتا ہے، مجھے بہت خوشی ہوئی اگلے چیف جسٹس جڑانوالہ تشریف لائے،انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان بنانے میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے، ملٹری لیڈر شپ نے یقین دلایا اقلیتوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جڑانوالہ میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیا اور متاثرہ خاندانوں میں چیک تقسیم کیے، تقریب میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی بھی شریک ہوئے،نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہر شہری کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے،میں کوئی فتویٰ جاری نہیں کرنا چاہتا،ہر ایک کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے،کوئی بھی معاشرہ عدل وانصاف کے تحت قائم ہوتا ہے،اصول یہ ہے کہ وہاں بسنے والے لوگوں کے درمیان انصاف کا حصول یکساں طورپر تمام لوگوں میں موجود ہو تو معاشرہ بھی قائم رہتا ہے۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اقلیتی برادری کا تحفظ کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے،دشمنان ملک کا پہلا وار انصاف کے نظام پر ہوتا ہے،آئندہ چیف جسٹس قاضی فائرعیسیٰ اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے جڑانوالہ کا دورہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کے معاملے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،پاکستان بنانے میں مسیحی برادری کا اہم کردار ہے۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کویورپ، امریکہ اور بھارت میں ٹارگٹ کیا جارہا ہے،ہر ملک کی ذمہ داری ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ کے معاملے میں اپنی ذمہ داری خود اٹھائیں،جب کوئی حملہ آور ہوگا،ریاست اور قوانین مظلوم کے ساتھ ہوں گی،مستقبل میں آنے والا وقت کسی کے کنٹرول میں نہیں ہے، یقین دلاتاہوں کہ اقلیتوں کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔(اس)






