اسلام آباد(ڈیلی آوازٹائمز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ محترمہ انیتا آنند نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مہمان وزیرخارجہ نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا معاہدہ پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔پاکستان کو کینولا کی درآمد کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔محترمہ انیتا آنند پاکستان کے سرکاری دورے پر آئی ہوئی ہیں۔اس ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کینیڈین وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت بشمول ایگری فوڈز اور ویکسین کی تیاری، قابل تجدید توانائی، آٹو موبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے لیے اپنے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ وہ ان سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اپریل میں اپنے کینیڈین ہم منصب کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کو یاد کیا اور خطے میں امن کی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کرنے پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد میں اپنے اور اپنے وفد کے گرمجوش استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور بتایا کہ ان کا یہ دورہ اپنے وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے ہے۔دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے، کینیڈین وزیر خارجہ نے زراعت، معدنیات، توانائی کے علاوہ آٹو اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں تجارت اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اپنی حکومت کی دلی خواہش کا اظہار کیا،۔اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا معاہدہ پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔دونوں رہنماؤں نے تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا تاکہ باہمی فائدے کے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ملاقات کے بعد، وزیر اعظم نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی درآمد کے حوالے سے ”فائٹو سینیٹری ضوابط” کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اس پروٹوکول پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے






