پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاپی گیس پائپ لائن مشترکہ عملدرآمد منصوبے کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز)پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی گیس پائپ لائن مشترکہ عملدرآمد منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں جبکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تاپی خطے کی خوشحالی کے لئے اہم منصوبہ ہے، منصوبے سے خطے کو قدرتی گیس کی فراہمی ممکن ہو گی، عالمی صورتحال کے تناظر میں توانائی کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے، اس منصوبے سے علاقائی تعاون اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغازہوگا۔تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دستخطوں کی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کی طرف سے وزیرمملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور ترکمانستان کیوزیر مملکت و ترکمن گیس کے چیئرمین مکسات بابائیف نے دستخط کئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے لئے آج ایک بڑا دن ہے، پاکستان اور ترکمانستان نے تاپی گیس عملدرآمد منصوبے پر دستخط کئے ہیں، اس کیلئے ترکمانستان کے صدر اور ان کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ تاپی اس پورے خطے کی خوشحالی کے لئے بہت اہم منصوبہ ہے،یہ منصوبہ اشک آباد سے شروع ہو گا اور افغانستان اور پاکستان سے بھارت تک مکمل کیاجائے گااس سے اس خطے کو منصوبے پر ٹھوس یقین دہانیوں اور باہمی طور پر طے شدہ شرائط کے مطابق قدرتی گیس کے حصول میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں