اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز)پاکستان اور چین کے درمیان چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہے، چین کی جانب سے3ارب 48کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیرکاشکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، چشمہ فائیو منصوبہ سول اور فوجی قیادت کے ایک صفحہ پر ہونے کا ثبوت ہے، قوم کو معاہدے پرمبارکباد پیش کرتاہوں، 1200میگاواٹ کا چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی میں ایک اور سنگ میل ہے۔منگل کو1200میگاواٹ کے چشمہ فائیو جوہری بجلی گھرکی تعمیر کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں وزیراعظم کی موجودگی میں چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخط کئے گئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں قوم کو مبارکباد پیش کرتاہوں کہ آج سی فائیو جوہری توانائی منصوبے کی تعمیرکی مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں، اس منصوبے سے 1200میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی،یہ منصوبہ میاں نواز شریف کے دور میں لگانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا تھا، اس کی شرائط طے ہوگئی تھیں۔ گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا، اب اس منصوبے کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس منصوبے پرلاگت 2017 کی ہی رکھی گئی ہے جس سے 30ارب روپے کی بچت ہوگی۔






