اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 45یوم شہادت پر پیغام میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم جب اپنے عظیم لیڈر کا یومِ شہادت منا رہی ہے تو دکھ سے بھرا کسی حد تک ایک اطمینان ہے،اطمینان یہ ہے کہ نظامِ انصاف نے بالآخر شہید بھٹو کی شہادت میں اپنے شریک کردار کا اعتراف کردیا ہے،شہید بھٹو کے المناک عدالتی قتل کے 45 سال بعد یہ اعتراف عوام کے دل اور تاریخ کے فیصلے کا عکاس ہے،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا آبزرویشن بلاشبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے موقف کی عدالتی توثیق کے مترادف ہے، شہید بینظیر بھٹو کا موقف تھا کہ شہید بھٹو کو ایک مذموم سازش کے تحت عدالتی ظلم و ستم کا شکار بنایا گیا،صدر مملکت آصف علی زرداری کو شہید بھٹو کیس میں صدارتی ریفرنس دائر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کا دائر کرنا قومی تاریخ کی ایک اہم پیشرفت تھی،شہید بھٹو کیس میں صدارتی ریفرنس درست وقت پر درست اقدام کے مترادف ہے،شہید بھٹو کو انصاف دلانے کے لئے صدر آصف علی زرداری کے غیر متزلزل عزم نے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے کی بنیاد رکھی، شہید بھٹو کیس میں صدارتی ریفرنس نے ملک کے عدالتی سفر میں گہری پیش رفت کی راہ ہموار کی ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کے سماجی و سیاسی منظرنامے میں خدمات بے مثال ہیں، پاکستان کے تمام اسٹریٹجک بیانیہ و اثاثوں کے بنیادی ستونوں کو قائم کرنے میں شہید بھٹو کا کلیدی کردار ہے،ملک کے متفقہ آئین کی تشکیل سے لے کر جوہری پروگرام اور زرعی و صنعتی اصلاحات قائدِ عوام کے تحفے ہیں،پاکستان چین دوستی اور امت مسلمہ کے ساتھ پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کی شکل میں شہید بھٹو کی لیگیسی ہر سمت میں قائدانہ رہی،اگرچہ سپریم کورٹ کی قائد عوام کی بے گناہی کے متعلق گواہی پارٹی کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے،لیکن شہید بھٹو کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کا سفر اب بھی جاری ہے،میں آئین، پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کو برقرار رکھنے اور پاکستان کو خوشحالی، ترقی اور مساوات کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم ہوں،میں اپنے نانا شہید بھٹو اور والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے غیر متزلزل عزم سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان کو ایک رول ماڈل مسلم ملک بنانا چاہتا ہوں،ہم اپنے عزم و استقلال اور جدوجہد کے ذریعے پوری قوم کے لیے یکساں انصاف اور خوشحالی کی راہ ہموار کریں گے۔






