اسلام آباد/کوئٹہ(روزنامہ آواز ٹائمز)وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے،حکومت بلوچستان میں سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،بلوچستان کا اصل اثاثہ باصلاحیت بلوچ وپشتون نوجوان ہیں،حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے 8 رکنی وفد نے ملاقات کی۔وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، سردار یعقوب ناصر، آغا شاہ زیب درانی، عامر افضل مندوخیل، چوہدری نعیم، نصیر اچکزئی اور ظہیر خان کاکڑ شامل تھے۔وفد نے بلوچستان میں پارٹی امور سے متعلق پارٹی صدر کوآگاہ کیا،اس موقع پر میاں محمدشہبازشریف نے بلوچستان کی ترقی کیلئے پرامید اور عزم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کااصل اثاثہ وہاں کے نوجوان ہیں،ان صلاحیتوں کوبروئے کار لانے کیلئے وفاقی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے،حکومت بلوچستان میں سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے لیے خصوصی منصوبے شامل کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکرکیا۔






