کوئٹہ (ڈیلی آوازٹائمز) پاک افغان سرحدی شہر برابچہ میں 14 اگست یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر فاروڈ پوسٹ پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے عوام، کلی مشران اور عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے ونگ کمانڈر کرنل ایاز نے خطاب کرتے ہوئے یومِ آزادی کی اہمیت، ملکی سلامتی، امن، اتحاد اور وطن سے محبت کے جذبے کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔تقریب کے بعد برابچہ کے عوام نے فاروڈ پوسٹ سے ایف سی اسکول تک بڑا قومی پرچم پیدل ریلی کی صورت میں پہنچایا۔ ریلی میں بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ شرکاء نے قومی پرچم تھام کر پاکستان سے اپنی محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔برابچہ کے عوام کا یہ جوش و جذبہ اس بات کا عکاس ہے کہ سرحدی علاقوں کے عوام بھی پاکستان کی آزادی، امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں






