اسلام آباد (ڈیلی آوازٹائمز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے مسلسل ردوبدل نے عوام، ٹرانسپورٹ سیکٹر اور کاروباری سرگرمیوں پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔ صرف تین روز کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ چھ دنوں میں مجموعی اضافے نے ایندھن کی قیمتوں کو نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت محض تین دن میں 354.35 روپے سے بڑھ کر 375.04 روپے ہو گئی، یعنی 20 روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی عرصے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں بھی 11 روپے 32 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 315.80 روپے سے بڑھ کر 327.12 روپے تک پہنچ گئی۔ تین روز کے دوران صرف ایک مرتبہ پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، تاہم مجموعی رجحان مسلسل اضافے کا رہا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بھی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔یوں گزشتہ چھ دنوں کے دوران ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 52 روپے 19 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 16 روپے 76 پیسے فی لیٹر اضافہ ہو چکا ہے۔ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات، اشیائے ضروریہ کی ترسیل کی لاگت اور مجموعی مہنگائی پر مزید دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ عوامی حلقوں نے قیمتوں میں بار بار اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے






