کوئٹہ:چیئرمین پی سی بی و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نیشنل اور انٹر نیشنل کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے بلوچستان میں کوئٹہ اور گوادر کے کرکٹ اسٹیڈیمز کو سہولیات سے آراستہ کررہے ہیں نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ماہ کے عرصے میں فلڈ لائٹس لگادی جائیں گی تاکہ انٹر نیشنل کرکٹ کے حوالے سے یہاں پر میچز کروائے جاسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر لائیو سٹاک بخت محمد کاکڑ، سابق نگران وزیر اعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امن و امان سے متعلق اجلاس میں شرکت اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی انہوں نے کوئٹہ میں کرکٹ بحال کرنے کا کہا تھا پی سی بی نے نواب اکبر بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ کام چند دنوں میں شروع ہوجائے گا اور ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز کرانے کیلئے بھی بلوچستان حکومت کیساتھ کام کریں گے تاکہ یہاں پر نیشنل اور انٹر نیشنل کرکٹ کو فروغ دیا جاسکیں اور لوگوں کو ان میچز کو دیکھنے کا موقع مل سکیں انہوں نے کہا کہ کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس تین ماہ میں لگادی جائیں گی۔ اس کے علاوہ گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کو بھی سہولیات سے آراستہ کرکے وہاں پر بھی میچز کروائیں گے۔ محسن نقوی نے وزیرا علیٰ سرفراز بگٹی اور انوار الحق کاکڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دو بھائیوں کے ہوتے ہوئے اب بلوچستان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔ وزیرا علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ کی ترقی کا عزم کیا ہے اور ان سے صوبے میں امن وامان سمیت کھیلوں کے فروغ اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی ہے۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اس کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہو گاچمن سرحد پر ون ڈاکومنٹ رجیم نظام رائج کردیا گیا ہے خیبر پختونخوا کے افغانستان کے ساتھ سرحد پر ون ڈاکومنٹ رجیم نظام رائج ہو گیا ہے دنیا کے کسی بھی ملک کی سرحد کو بغیر پاسپورٹ کے آمدو رفت کی اجازت نہیں چمن سرحد پر کچھ مسائل ہیں وہ جلد حل ہو جائیں گے عوام کی سہولت کیلئے وہاں پر نادرا اور پاسپورٹ کا آفس فعال بنادیا گیا ہے حکومت نے افغانستان سے آنے جانے کے لیے پاسپورٹ کی شرط لازمی قرار دیہے چمن میں پاسپورٹ آفس کھول دیا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل بنوں میں خودکش حملہ میں تذکرہ پر آنے والے لوگ ملوث تھے اس لئے اب ہم نے بھی ون ڈاکومنٹس رجیم لاگو کیا ہے کیونکہ دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہری ملوث پائے گئے ہیں۔ نواب اکبر بگٹی اسٹیڈیم کو کمرشلائز کرنے کے لئے بھی کام شروع کررہے ہیں تاکہ اسٹیڈیم کی دیکھ بھال ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کو پورا کرنے کے لئے اپنے وسائل میں اضافہ کیا جاسکے۔






