کلاچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن‘ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی،ڈیرہ اسماعیل خان‘اسلام آباد(آوازٹائمز)سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک بہادر جوان نائیک یاسر خان مادرِ وطن پر قربان ہو گیا۔وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف اور شہید جوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید نائیک یاسر خان نے جان دے کر خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مارے گئے۔فائرنگ کے دوران 34 سالہ نائیک یاسر خان، جن کا تعلق ضلع مردان سے تھا، دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔ شہید نے آخری دم تک فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جو وہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگرد سرگرمیوں میں استعمال کر چکے تھے۔علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمتِ عملی“عزمِ استحکام”کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے، قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ملکی سلامتی کی ضمانت ہیں،،۔وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورکہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ آپریشن کے دوران ارض وطن کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان، ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، پاکستانی قوم اپنے بہادر افسران و جوانوں کی ارض وطن کی خاطر عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے 7 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک یاسر خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید نائیک یاسر خان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید نائیک یاسر خان نے جان دے کر خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی جرات اور پروفیشنل ازم قوم کو ناز ہے۔ سکیورٹی فورسز خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کر رہی ہے۔ آخری خوارجی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ وطن سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کریں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں