اسلام آباد (روزنامہ آواز ٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے لیے تمام شرائط کو من و عن تسلیم کردیا گیا ہے، امید ہے نواں جائزہ اسی ماہ منظور کرلیا جائیگا،گزشتہ حکومت نے اپنے کیے ہوئے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، پھر بڑی مشکل سے ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے کیے،معیشت کا پہیہ سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے،غریب آدمی کی تنخواہ میں کم از کم اتنا اضافہ کیا جائے جس سے وہ اپنے بال بچوں کا پیٹ پال سکے،مہنگائی سے غریب کی تنخواہیں اور پنشنز آدھی سے بھی کم رہ گئیں۔
جمعہ کووفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ نے ہماری معاشی صورتحال کے حوالے سے ایک بڑی بھرپور پریس کانفرنس کی اور یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ جب سے ہم نے مملکت کی ذمید اری سنبھالی، سب سے پہلا ہمار امتحان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی تھی جسے گزشتہ حکومت نے سبوثاژکردیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ کہ گزشتہ حکومت نے اپنے کیے ہوئے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں، پھر بڑی مشکل سے ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے کیے، گزشتہ سال کے سیلاب نے بھی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔






