گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے،نگراں وزیراعظم

اسلام آباد(روزنامہ آواز ٹائمز)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے پاس روزمرہ حکومتی معاملات چلانے کا اختیار ہے،حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے،قواعدوضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں مداخلت کا اختیار حاصل ہے،گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے،آئندہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا فیصلہ بریفنگ کی بنیاد پر کیاجائے گا۔منگل کے روز نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ آئین کے تحت نگراں حکومت مختصر مدت کیلئے آئی ہے،ہم حکومتی نظام کار میں بڑی تبدیلی نہیں لاسکتے،گزشتہ حکومت کے منصوبوں کو جاری رکھنے کا حامی ہوں،نہیں چاہتا کہ گزشتہ حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام روکا جائے،گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ معمول کی پالیسیوں پر عمل پیرا رہیں گے،قواعدوضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں مداخلت کا اختیار حاصل ہے۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری انتخابات کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرنا ہے،نگراں حکومت کے پاس روزمرہ حکومتی معاملات چلانے کا اختیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی آئینی مدت مکمل ہونے پر تحلیل ہوچکی ہے،پارلیمان کا ایوان بالا سینیٹ کام کررہا ہے لیکن قانون سازی نہیں ہوسکتی،تمام وزراء اپنی وزارتوں سے بریفینگ لیں گے،آئندہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا فیصلہ بریفینگ کی بنیاد پر کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں