اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9مئی ہمیشہ اس بات کی یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے اپنے ذاتی ایجنڈے اور اقتدار کی ہوس میں وطن عزیز کی اساس پر حملہ کیا ،اس دن جو کچھ ہوا اس کا تصور ہمارے ازلی دشمن اور بدترین دشمن بھی نہیں کرسکتے ،اس کے منصوبہ سازوں اور عمل کرنے والوں کو پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق سزا ضرور ملے گی ۔9مئی کے حوالے سے اپنے ایک اہم بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ 9مئی کے منصوبوں سازوں اور اس پر عمل کرنے والوں کو پوری قوم شناخت کرتی ہے اور ان کے چہرے عوام کی یادداشت پر نقش ہیں ان کے نعروں اور للکاروں کی صدائوں کی بازگشت آج بھی ہمیں اس بھیانک دن کی یاد دلاتے ہیں ان کرداروں اور منصوبوں سازوں کی سزا کا فیصلہ انشاء اللہ پاکستان کا آئین اور قانون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ9مئی ہمیشہ اس بات کی یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے اپنے ذاتی ایجنڈے اور اقتدار کی ہوس میں وطن عزیزکی حساس تنصیبیات پر حملہ کیا 9مئی 2023ء کو جو کچھ ہوا اس کا تصور ہمارے ازلی اور بدترین دشمن بھی نہیں کرسکتے پاک فوج کی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کو بے دردی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل کیا گیا جس کا تصور دنیا کے کسی ملک میں کسی بھی حالات میں نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیردفاع نے کہا کہ آئیںآج ہم یہ عہد کریں کہ ہم کسی بھی شخص یاگروہ کو پاک سرزمین کی آبرو کو پامال نہیں کرنے دینگے اپنے محسنوں کی یاد کی تکریم اور تقدس کی حفاظت کرینگے۔ آمین۔






