ژوب (آواز ٹائمز)بلوچستان کے تمام مونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور ٹاون کمیٹیوں کے نان سیلری فنڈز گزشتہ تین ماہ سے جاری نہ ہونے کے باعث سینکڑوں ڈیلی ویجز ملازمین نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی ژوب شاہ بران کاکڑ نے کہا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ایک بار پھر تالہ بندی اور مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نان سیلری فنڈز نہ ملنے سے فیول، مشینری مرمت اور اسٹیشنری کے اخراجات بند ہیں، دفاتر میں موجود ملازمین دو وقت کی روٹی کے لیے دربدر ہیں جبکہ صفائی مہم اور کتامار مہم بھی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی مشیر بلدیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری فنانس نے 23 ستمبر تک فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر ایک بار پھر تمام بلدیاتی اداروں کو نظرانداز کر دیا گیا ہے، صوبائی حکومت عوامی مسائل میں روز بروز اضافہ کر رہی ہے۔






