افغانی ہمارے بھائی ہیں ان سے چیک پوسٹوں پر رشوت لینے والوں کا ہاتھ توڑ دوں گا، عمران شوکت

کوئٹہ(آواز ٹائمز) ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے کوئٹہ پولیس کے جوانوں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہوگی اور کرپشن پر قطعی برداشت نہیں ہوگی۔ ڈی آئی جی نے ایک آڈیو پیغام میں بتایا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ سونا خان پولیس چوکی پر ناکہ لگا کر افغان مہاجرین سے مبینہ طور پر رقم لی جا رہی ہے۔ڈی آئی جی نے کہا ہے کہ افغانی ہمارے بھائی ہیں، ہم نے ان چالیس سال ان کی خدمت کی ہے۔ اگر ہم انہیں واپس بھیج رہے ہیں تو عزت و احترام کے ساتھ کریں گے۔ جو بھی افغانی سے پیسے یا رشوت لے گا، اس کے ہاتھ توڑ دوں گا۔انہوں نے واضح کیا کہ اس قسم کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں اور ایسے عناصر کو پولیس فورا بے نقاب کریں گے۔ان ہدایات کے تحت سونا خان چیک پوسٹ پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس واقعے کے سلسلے میں ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کرائی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جن میں سروس سے برخاستگی، ریسٹ اور مزید قانونی کاروائیاں شامل ہوں گی۔عمران شوکت نے تمام ایس ایس پیز، ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں ایسی کوئی خبر ان کی نظر میں آئی تو انہیں لیٹر اور ڈسپلنری ایکشن دیا جائے گا۔ انہوں نے ہر پولیس اہلکار کو یاد دہانی کرائی کہ تھانے میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ ایسے ہی رویے کا مظاہرہ کیا جائے جیسے وہ آپ کی اپنی والدہ، بہن یا بیٹی ہوں۔ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پوری کوئٹہ پولیس پر نافذ العمل ہوگی اور کسی بھی نوعیت کے سم یا چوکیوں پر پیسے لینے کے واقعات کی صورت میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور اور فوری کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں