کوئٹہ(آوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مصروف علاقے ڈبل روڈ پر ایک کروڑ 31 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب ایک بہادر تاجر نے مسلح راہزن کو قابو کر لیا۔ واقعے میں ڈاکو کے ایک ساتھی کو فائرنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق موسی کالونی سریاب روڈ کے رہائشی اور پولٹری فارم کے مالک محمد یوسف اپنی نقدی بینک جمع کروانے کے لیے گاڑی سے رقم نکال رہے تھے کہ اچانک دو مسلح افراد نے ڈکیتی کی کوشش کی۔ تاہم تاجر کی جرات اور فوری ردعمل کے باعث ایک راہزن کو دبوچ لیا گیا۔ پولیس نے زخمی کو گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا اور فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔واقعے کے بعد ڈبل روڈ کے تاجروں اور شہریوں نے بہادر تاجر کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ فرار ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور بینکوں کے باہر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔






