بلوچستان بھی دہشتگردی سے متاثر، کے پی کے بلٹ پروف گاڑیاں ہمیں دی جائیں، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان کے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ سے درخواست کی ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے واپس کی جانے والی ناقص بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو فراہم کی جائیں تاکہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان بھی خیبرپختونخوا کی طرح دہشت گردی سے شدید متاثر ہے اور صوبے میں اضافی حفاظتی سازوسامان کی اشد ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مزیدموثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے فوری کارروائی کی اپیل کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی بلوچستان کی درخواست پر فوری ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا سے واپس آنے والی بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو فراہم کی جائیں گی۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی ناقص اور پرانی بلٹ پروف گاڑیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پولیس کی تضحیک ہے اور انہیں واپس کیا جائے، تاکہ پولیس اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ اقدام صوبے میں امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف مثر کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں