ایڈ بلوچستان نے یوتھ پبلک اکانٹیبلٹی فورم کے قیام کا اعلان

کوئٹہ(آوازٹائمز) ایڈ بلوچستان کے زیراہتمام ایک اہم اجلاس میں صوبے میں نوجوانوں کو شفافیت، احتساب اور بہتر حکمرانی کے فروغ میں شامل کرنے کے لیے ”یوتھ پبلک اکاونٹیبلٹی فورم” (YPAF) کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سینئر منیجر ایڈووکیسی و پروٹیکشن میر بہرام لہڑی نے کی، جنہوں نے شرکا کو فورم کے مقاصد اور تشکیل کے مراحل سے آگاہ کیا اور ایڈ بلوچستان کی گزشتہ دس سالہ کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔مہمانِ خصوصی انفارمیشن کمیشنر بلوچستان عبدالشکور نے ایڈ بلوچستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں احتساب کے عمل کا حصہ بنانا خوش آئند اقدام ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایڈ بلوچستان عادل جہانگیر نے ادارے کی سماجی خدمات، کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور شفاف گورننس میں کردار پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رضاکارانہ طور پر فورم کے اہداف کے لیے خدمات انجام دینے کا عزم ظاہر کیا۔ منتخب اراکین نے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت احتساب اور شفافیت کے فروغ کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔ اجلاس کے اختتامی خیالات رخسانہ عبدالحق نے پیش کیے اور نوجوانوں کی محنت اور عزم پر اعتماد ظاہر کیا۔ایڈ بلوچستان اور یوتھ پبلک اکانٹیبلٹی فورم کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ دس ماہ میں تربیتی سیشنز، آگاہی پروگرامز، مشاورتی اجلاسوں اور کمیونٹی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو احتساب کے عمل میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا، تاکہ ایک شفاف، جوابدہ اور خوشحال بلوچستان کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں