کوئٹہ(آوازٹائمز)ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز، فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے مطابق ایف آئی اے بلوچستان زون کی جانب سے مائیگرنٹ اسمگلروں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے۔ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ کارروائی کے دوران افغان شہریوں سمیت 6 مائیگرنٹ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزمان میں عدیل علی، ثنااللہ، عبدالخالق اور 3 افغان شہری شامل ہیں۔ ملزمان کو کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزم عدیل علی کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد ہوئے جن سے انسانی اسمگلروں کے ساتھ ہونے والی چیٹس، تصاویر اور دیگر شواہد حاصل ہوئے۔ اس کی نشاندہی پر ثنااللہ اور عبدالخالق کو ائرپورٹ روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے۔ملزم ثنااللہ کے قبضے سے شناختی کارڈز کی 11 رنگین تصاویر برآمد ہوئیں، جو افغان شہریوں کو مختلف علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ انسانی اسمگلروں عبدالہادی اور محمد عیسی کے لیے کام کرتے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔






