تربت,ڈپٹی کمشنر کیچ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ8 افراد زخمی

تربت(آوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی) بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ کی گاڑی کو پیر کی صبح ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں وہ محفوظ رہے تاہم سات لیویز اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ڈی ایس پی تربت نذیر احمد کے مطابق دھماکا تھانہ روڈ پر اس وقت ہوا جب ڈپٹی کمشنر اپنے سرکاری محافظوں کے ہمراہ گھر سے دفتر جارہے تھے۔ دھماکا موٹرسائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جس میں تقریبا 15 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور چار سے پانچ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کی بلٹ پروف گاڑی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ زخمیوں میں سات لیویز اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں