اوتھل میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بھارت کے خلاف ریلی، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

اوتھل (آوازٹائمز)پاکستان کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں بھی 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ لسبیلہ کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سراج احمد بلوچ نے کی۔ریلی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مسعود حلیم رند، چیف آفیسر اوتھل حاجی محمد خان دودا، وائس چیئرمین اوتھل وسیم احمد خاصخیلی، ماسٹر شاہ نواز، اسسٹنٹ عبداللہ رونجھو، حیدر علی خان سمیت شہریوں، اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔بعدازاں گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول اوتھل میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا نے ملی نغمے، تقاریر اور نعتیں پیش کیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف جموں و کشمیر پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری خصوصا اقوامِ متحدہ کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں