پاکستان سے 16 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزین وطن واپس لوٹ گئے

کوئٹہ(آوازٹائمز)اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کی اکتوبر 2025 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مقیم 16 لاکھ سے زائد افغان پناہ گزین اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں پاکستان نے بغیر دستاویزات پناہ گزینوں کی واپسی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد افغان پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ اور افغان سٹیزن کارڈ کے حامل افراد کو بھی واپس بھیجا گیا۔یو این ایچ سی آر کے مطابق واپس جانے والوں میں سے 8 فیصد، یعنی ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پناہ گزینوں کو مختلف شہروں سے گرفتار کرکے ملک بدر کیا گیا، جن میں سب سے زیادہ گرفتاریاں بلوچستان اور پنجاب میں ہوئیں۔اعداد و شمار کے مطابق 75 فیصد واپس جانے والے وہ پناہ گزین تھے جن کے پاس کوئی سفری دستاویزات موجود نہیں تھیں، جبکہ رواں سال سب سے زیادہ 8 لاکھ 24 ہزار افغان پناہ گزین افغانستان واپس لوٹے۔یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ واپسی کی سب سے بڑی وجہ گرفتاری کا خوف اور معاشی مشکلات تھیں، جبکہ 18 فیصد پناہ گزینوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے کچھ افراد پہلے ہی واپس بھیجے جا چکے تھے۔ادارے کے مطابق اب بھی پاکستان میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان پناہ گزین موجود ہیں، تاہم سرحدی کشیدگی کے باعث پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں