کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے کھٹن میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر پولیس تھانے، تحصیل آفس اور مقامی ہسپتال پر حملہ کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں، جن کی تعداد درجنوں میں تھی، نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے بعد سرکاری اسلحہ اور گولیاں اپنے قبضے میں لے لیں۔مسلح افراد نے پولیس تھانے، تحصیل آفس اور ہسپتال میں موجود تمام سرکاری ریکارڈ کو آگ لگا کر مکمل طور پر نذرِ آتش کر دیا۔ حملے کے دوران فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم، حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس اور فورسز نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے مکمل ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حکام نے اسے سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں






