ڈیرہ بگٹی (آوازٹائمز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ڈسٹرکٹ چیئرمین ڈیرہ بگٹی، چیف آف شمبانی وڈیرہ غلام نبی بگٹی نے ایم پی اے لیاقت لہڑی کی جانب سے صوبائی حکومت کے خلاف جاری بیان کو اشتعال انگیز، بے بنیاد اور نفرت آمیز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔وڈیرہ غلام نبی بگٹی نے کہا کہ لیاقت لہڑی کا بیان نہ صرف صوبائی حکومت کی کارکردگی پر بلاجواز تنقید ہے بلکہ ایف سی، لیویز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی توہین بھی ہے۔ ایسے بیانات عوام کو گمراہ کرنے اور اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش ہیں جو صوبے میں انتشار کا باعث بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قومی رہنماں نے سراہا ہے۔ وزیراعلی کا دفتر چوبیس گھنٹے عوام کے لیے کھلا رہنا ان کی عوام دوستی اور عملی حکمرانی کی مثال ہے، جو ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وزیراعلی کے 600 سے زائد رفقا شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی آج بھی امن و استحکام کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وڈیرہ غلام نبی بگٹی نے الزام عائد کیا کہ لیاقت لہڑی نے ماضی میں دہشت گرد گروہوں کے سامنے ہتھیار ڈال کر بزدلی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث ان کا دہشت گردی کے خلاف کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمیشہ ریاستی اداروں اور منتخب حکومت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور کسی بھی ایسے بیان کی حمایت نہیں کرتے جو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچائے۔آخر میں وڈیرہ غلام نبی بگٹی نے واضح کیا کہ لیاقت لہڑی کا بیان پیپلز پارٹی کے مقف کی نمائندگی نہیں کرتا اور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الزامات اور طرزِ گفتگو پر فوری طور پر غیر مشروط معافی طلب کریں






