کوئٹہ(آوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی)افغان عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے استنبول میں ہونے والے پاک افغان مذاکرات کے نتائج پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی امارتِ افغانستان ترکی اور قطر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی میزبانی اور ثالثی کی۔ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں کہا کہ اسلامی امارت اپنے اصولی مقف پر قائم ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی اور نہ ہی کسی ملک کو اجازت دی جائے گی کہ وہ افغانستان کی خودمختاری یا سلامتی کے خلاف کوئی اقدام کرے۔ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسلمان عوام افغان عوام کے بھائی ہیں، اسلامی امارت ان کے لیے خیر خواہی اور امن کی دعا کرتی ہے اور اپنی ذمہ داریوں اور صلاحیتوں کے مطابق ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔






