دہشت گردی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا، قوم اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر کرتی ہے، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(آوازٹائمز)وزیرِ اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو بروقت ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعلی نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے تعلیمی ادارے پر حملہ پاکستان کے مستقبل اور نئی نسل کے خلاف سازش ہے، تاہم افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ وزیرِ اعلی نے اس بات پر زور دیا کہ سپاہی ہر وقت مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خوارج اور ان کے بیرونی سرپرستوں کے خلاف آپریشن عزمِ استحکام ملک میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیرِ اعلی نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو ناکام بناتی رہے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں