کوئٹہ(آوازٹائمز/انعام اللہ اچکزئی)کوئٹہ میں عوامی، تجارتی اور گنجان علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے شہریوں، تاجر برادری، مزدوروں اور دکانداروں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں اور ان کے روزمرہ مسائل، امن و امان اور کاروباری سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے مشن روڈ، میزان چوک، شاہراہ لیاقت، لیاقت بازار، شاہراہ اقبال، منان چوک، انسکمب روڈ اور زرغون روڈ سمیت کوئٹہ کے مرکزی اور مصروف علاقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے اور ایف سی ہر قدم پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔شہریوں نے آئی جی ایف سی کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں اور سڑکوں، بجلی، صفائی، ٹریفک اور سیکیورٹی کے حوالے سے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔ میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے اس کے بعد متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شہری سہولیات میں بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فورسز کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کے درمیان اعتماد و تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔ ایف سی عوام کی فورس ہے اور عوام ہی ہماری طاقت ہیں۔ شہریوں اور تاجر برادری نے آئی جی ایف سی کے اس عوامی رابطہ دورے کو خوش آئند قرار دیا اور امن و امان کے قیام میں ایف سی کے کردار کو سراہا۔آخر میں میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و استحکام کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں، مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فورسز کو دیں اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعاون جاری رکھیں






