غیر آئینی اقدامات ملک کو بحرانوں میں دھکیل رہے ہیں،مولانا عبدالقادر لونی

کوئٹہ(آوازٹائمز)جمعیت علما اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی امیر مولانا عبدالقادر لونی، مرکزی جنرل سیکرٹری مفتی شفیع الدین، جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمودالحسن قاسمی، مرکزی نائب امیر مولانا عبدالروف، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید حاجی عبدالستار شاہ چشتی اور مرکزی سیکرٹری مالیات حاجی حیات اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے والوں نے خود ہی اس کا جنازہ نکال دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین میں ترامیم کرنے والی جماعتیں اقتدار سے محرومی کے بعد آئین کی بحالی کے نعرے لگائیں گی تاکہ عوام کو بے وقوف بنایا جا سکے۔ ملک میں طاقتور طبقات نے آئین کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے اور اس کی بجائے اسٹیبلشمنٹ کا تسلط ہے۔ مولانا لونی نے حکومت اور اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ آئینی ترامیم کی بجائے آئین کی بالادستی کے لیے یک صدا ہو جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ غیر آئینی اقدامات ملک کی اساس کو کمزور کر رہے ہیں اور ہٹ دھرمی، انتشار اور افراط و تفریط سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک کی تیسری قوت بانڈری لائن سے باہر بیٹھ کر حکومت اور اپوزیشن کی الجھا تماشہ دیکھ رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے غیر آئینی عمل کے ذریعے سیاست میں مداخلت کے لیے راستہ فراہم کیا ہے، جبکہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ اس کی حفاظت کرے۔ مولانا لونی نے عوام کو یقین دلایا کہ ملک کے حقیقی محافظ غریب طبقے ہی ہوں گے، نہ کہ پارلیمنٹ سے اپنے لیے قوانین بنانے والے اقتدار پرست طبقات جو ہر مشکل میں ملک سے بھاگ جاتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں