بلوچستان صوبائی اسمبلی کا 17 واں اجلاس 17نومبر کو سیکرٹریٹ میں ہوگا

کوئٹہ(آوازٹائمز)بلوچستان صوبائی اسمبلی کا 17 واں اجلاس بروز سوموار، مورخہ 17 نومبر 2025 بوقت 3:00 بجے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک و ترجمے سے ہوگا، جس کے بعد محکمہ خزانہ اور محکمہ معدنیات سے متعلق علیحدہ فہرست میں شامل سوالات پیش کیے جائیں گے اور ان کے جوابات دیے جائیں گے۔اجلاس کی سرکاری کارروائی میں وزیر برائے محکمہ خزانہ بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (ترمیمی) مسودہ قانون 2025 (مسودہ قانون نمبر 38 مصدرہ 2025) پیش کریں گے۔ وزیر خزانہ ایوان کو تحریک دیں گے کہ یہ مسودہ قانون قاعدہ 84 اور 85 کے تقاضوں سے Exempt قرار دیا جائے تاکہ اسے فورا زیر غور لایا جا سکے اور آخرکار منظور کیا جائے۔ اس قانون کے منظور ہونے سے صوبائی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فریم ورک میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار عمل درآمد ممکن ہوگی۔اجلاس میں غیر سرکاری قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی، جن میں نمایاں ہیں:قرارداد نمبر 68: رکن اسمبلی اصغر علی ترین نے سندھ میں آباد بلوچستان کے پشتون کاروباریوں کی ہراسانی اور لینڈ مافیا کے اقدامات پر صوبائی حکومت سے فوری مداخلت کی درخواست کی تاکہ بلوچستان کے کاروباریوں کو بلا خوف و خطر اپنا کاروبار جاری رکھنے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔قرارداد نمبر 69: محترمہ شاہدہ رواف نے فضائی کرایوں میں کوئٹہ اور بلوچستان کے شہریوں کے ساتھ امتیازی رویہ پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے وفاقی حکومت، وزارت ہوا بازی، پی آئی اے اور دیگر نجی فضائی کمپنیوں سے رجوع کرنے کی سفارش کی تاکہ کرایے ملک کے دیگر شہروں کے مساوی سطح پر لائے جائیں اور صوبے کے عوام کی مالی مشکلات کم ہوں۔قرارداد نمبر 70: رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے صوبے کے عوام کی بنیادی سہولیات جیسے صاف پانی، بجلی، تعلیم اور صحت کی کمی، اور سرکاری تقاریب میں وسائل کے ضیاع پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایوان سے درخواست کی کہ غیر ضروری تقریبات، حج و عمرہ اور دیگر مہنگے پروگراموں پر پابندی لگائی جائے اور بچائے گئے وسائل صوبے کے غریب عوام کی بنیادی سہولیات کے لیے خرچ کیے جائیں۔بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ان قراردادوں اور قانون سازی کے اقدامات سے صوبے کے عوام کی فلاح و ترقی اور بنیادی سہولیات کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کی منظوری متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں