مچھ میں 18انچ گیس پائپ لائن تخریب کاری سے تباہ، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بڑے اضلاع کی سپلائی معطل ہوگئی

بولان(آوازٹائمز)بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد کی تخریب کاری کے نتیجے میں سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کی 18 انچ قطر کی مین سپلائی لائن دھماکے سے تباہ ہو گئی، جس کے باعث صوبے کے بڑے حصے میں گیس کی فراہمی شدید متاثر ہو گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد کے استعمال سے کی گئی اس تخریب کاری کے بعد دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور پائپ لائن مکمل طور پر ناکارہ ہو گئی۔ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کوئٹہ، پشین، کچلاک، زیارت، مستونگ، قلات، منگچر، بوستان، حرمزئی اور کڈھ کوچہ میں گیس پریشر شدید حد تک کم جبکہ متعدد علاقوں میں مکمل سپلائی بند ہو گئی ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے، ہیٹنگ اور گرم پانی کے معاملات میں سخت دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کی تکنیکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں، تاہم سیکیورٹی اداروں کی کلیئرنس کے بغیر مرمتی کام کا آغاز ممکن نہیں۔ جیسے ہی کلیئرنس ملے گی، تباہ شدہ لائن کی بحالی فوری طور پر شروع کر دی جائے گی۔ادھر سوئی سدرن کے مطابق اسی علاقے میں 18 انچ QPCEP لائن میں شگاف پڑنے سے بھی گیس فراہمی بری طرح متاثر ہوئی۔ متبادل انتظام کے طور پر 12 انچ قطر QPL لائن کے ذریعے کم پریشر پر کوئٹہ شہر کے مضافات نواں کلی، ہنہ، سرہ غڑگئی، پشتون آباد اور ایسٹرن بائی پاس کے بعض حصوں میں گیس سپلائی محدود طور پر جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ صارفین کی مشکلات کم کرنے کے لیے کمپنی صبح، دوپہر اور شام کے کھانے کے اوقات میں محدود پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، تاہم مرکزی لائن کی تباہی کے باعث صورتحال معمول پر آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔دوسری جانب دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ تخریب کار عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔ عوامی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس سپلائی فوری بحال کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرمتی کام کے دورانیے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم کمپنی صورتحال سے متعلق ہر پیش رفت سے صارفین کو آگاہ کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں