ہر شہری کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا فرض، اسٹاف کی غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں، ممتاز علی رند

سبی(آوازٹائمز)ڈی ایس ایم، پی پی ایچ آئی ممتاز علی رند نے کہا ہے کہ ہر شہری کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنا محکمہ صحت کا بنیادی فرض ہے اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بختیارآباد، لہڑی سمیت ضلع سبی کے تمام بی ایچ یوز میں ادویات کا کوٹہ بڑھایا جا رہا ہے اور اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی بھی جلد کی جائے گی۔ممتاز علی رند نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی پی ایچ آئی کے ماہر لیڈی ڈاکٹرز کی قیادت میں مختلف بی ایچ یوز اور ہیلتھ سنٹرز میں مفت ڈلیوری کیس کی سہولت شہریوں کو فراہم کی جارہی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر او پی ڈی کے دوران مفت ادویات کی فراہمی جاری ہے۔ اسٹاف کی غیر موجودگی پر کہا کہ محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ہر اہلکار اپنی حاضری اور آنے والے سائل کی داد رسی یقینی بنائے گا۔ڈی ایس ایم نے مزید بتایا کہ بہت جلد جوائنٹ بی ایچ یوز میں صبح کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں بھی اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنا کر شہریوں کو ان کی دہلیز پر مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر صدر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ سبی اللہ داد رند، نائب صدر اشتیاق احمد چاچڑ، بی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ہارون رشید اور لوجسٹک آفیسر قاضی عرفان بھی موجود تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں