کوئٹہ(آوازٹائمز)صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان کے زیر اہتمام بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں دفترِ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان، کوئٹہ میں ماسٹر ٹرینرز کے لیے تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس میں 24 ماسٹر ٹرینرز نے شرکت کی۔سیشن میں ڈائریکٹر ٹریننگ، الیکشن کمیشن آف پاکستان ساجد علی اور ڈائریکٹر ایڈمن محمد نعیم احمد نے ماسٹر ٹرینرز کو انتخابی عمل، پولنگ اسٹیشنز کے انتظامات، ضابطہ اخلاق کے نفاذ، انتخابی مواد کی ترسیل و وصولی، اور انتخابی دن کے دوران مثر و شفاف رابطہ کاری کے حوالے سے تربیت فراہم کی۔تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان جناب علی اصغر سیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابی عمل کی شفافیت، غیرجانبداری اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ تربیت ماسٹر ٹرینرز کی استعدادِ کار میں اضافہ اور انہیں معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے لیے اہم قدم ہے، تاکہ وہ بعد میں عملے کو مثر تربیت دے سکیں۔ تربیت کے اختتام پر شرکا کو موک ایکسرسائز کٹس بھی فراہم کی گئیں تاکہ عملی تربیت میں بہتری آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور مکمل غیرجانبداری کے ساتھ انجام دیں تاکہ کوئٹہ میں شفاف اور پرامن بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے






