اسلام آباد (آوازٹائمز) قائم مقام صدر پاکستان پیپلز پارٹی، سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی وزیر برائے توانائی اور پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین، رانا محمد قاسم نون کے گھر جاکر ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے وفاقی وزیر رانا قاسم نون کی والدہ مرحومہ کی فاتحہ خوانی کی اور دعاؤں میں شریک ہوئے۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ والدہ کا دنیا سے رخصت ہو جانا ایک ایسا صدمہ ہے جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ماں کا رتبہ بے مثال ہوتا ہے اور دعاوں کا سایہ زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہے۔” انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ رانا قاسم نون کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔ فاتحہ خوانی کی تقریب میں وزیرِ مملکت برائے توانائی، عبد الرحمان خان، ممبر قومی اسمبلی عبد القادر گیلانی، ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی اور سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی بھی شریک ہوئے






